لاہور:
سخت مخالفت کے باوجود وسیم خان ’’تبدیلی مشن‘‘ مکمل کرنے کیلیے پُرعزم ہیں.
ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کہاکہ کوئٹہ میں ہونے والے گورننگ بورڈ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کوئی نئی بات نہیں، پاکستان میں اس طرح کی چیزیں معمول ہیں، عوام کی دلچسپی کا محور سیاست اور کرکٹ ہے،ان کو میڈیا میں بھی بھرپور توجہ ملتی ہے، تبدیلی کے سفر میں عمران خان کو بھی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہم بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کررہے ہیں جو چند لوگوں کیلیے قابل قبول نہیں۔
انھوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ 4ماہ قبل گورننگ بورڈ اجلاس میں ایم ڈی کے تقرر کی حمایت کرنے والوں نے کوئٹہ میں ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوشش کی، ایک صبح بیدار ہوا تو 7نیوز چینلز میرے بارے میں خبر چلا رہے تھے، شکر ہے کہ ابھی تک عہدے پر موجود اور اپنے کام پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہوں۔
وسیم خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پی سی بی کے پیٹرن انچیف بھی ہیں، سابق کپتان دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ میں بھی تبدیلی لانا چاہتے ہیں، ہم ان کی سپورٹ سے اس منصوبے کو مکمل کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔
ایک سوال پر وسیم خان نے کہا کہ ستمبر میں سری لنکا سے سیریز کے 1یا2 ٹیسٹ میچز کی میزبانی پاکستان میں کرنا چاہتے ہیں،انگلینڈ سے اگلی سیریز کے پاکستان کے میں انعقاد کیلیے بھی بات چیت جاری رکھیں گے، آسٹریلیا کی میزبانی کیلیے بھی بورڈ کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔
وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے ہر میچ کیلیے 40ہزار کے قریب تماشائی اسٹیڈیم کا رخ کرتے رہے، پی سی بی چاہتا ہے کہ نوجوان کرکٹرز اپنے رول ماڈلز کو اپنی آنکھوں کے سامنے کھیلتا ہوا دیکھیں۔