وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا کے خاتمے تک پرائمری، مڈل اسکول کھولنے کی مخالفت کر دی۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ پرائمری اسکول کھولنے پر مجھے اس لیے تشویش ہے کہ ہمارے بچے نازک ہیں، ان کا اسکول جانا کورونا وبا کے دوران نہایت تشویشناک ہو گا۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ بڑے بچوں کے لیے احتیاط کا کہہ سکتے ہیں کیوں کہ وہ خود سے ماسک پہن کر رہ سکتے ہیں، سماجی فاصلہ اختیار کر سکتے ہیں، ہاتھ دھو سکتے ہیں اور خود سے اپنا خیال رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بڑے بچوں کی کلاسز کو ڈس انفیکٹ کر کے انہیں فاصلے سے بٹھایا جائے تو بہتر رہے گا اور کوئی خدشہ نہیں ہو گا مگر چھوٹے بچے جو ناسمجھ ہیں ان کا رویہ ہی ایسا ہوتا ہے کہ وہ لاپرواہی سے کسی سے بھی گلے مل لیتے ہیں، ہاتھ میں ہاتھ بھی ڈال لیتے ہیں، سماجی فاصلہ نہیں کرتے، ماسک بھی گھبراہٹ سے اتار دیتے ہیں، اگر اس صورت میں اسکول ان کے لیے کھولے جائیں گے تو وبا پھیل سکتی ہے۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ جب تک کورونا ختم نہیں ہو جاتا چھوٹے بچوں کو آن لائن تعلیم دی جائے ورنہ جونیئر کلاسز سے کورونا کی دوسری اور تیسری لہر آنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث مارچ سے اسکولز بند ہیں تاہم کورونا وائرس کی بہتر صورتحال ہونے کے بعد حکومت نے 15 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔