وزیر ریلوے کا سمجھوتہ ایکسپریس ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا اعلان


اسلام آباد: وزیرریلوے شیخ رشید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

راجیہ سبھا کے بعد کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل لوک سبھا سے بھی منظور

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی جانے والی ہر ٹرین میں دو کوچز کے اضافے کا فیصلہ کیا ہے، عید پر دو اسپیشل ٹرینیں چلائی ہیں، عید کے بعد ٹرین ٹائمنگ، کوچز اور صفائی میں بہتر تبدیلی لائیں گے، نئی 38 ٹریرنیں چلانے سے نظام متاثر ہوا، 70 لاکھ مسافر زیادہ اٹھائے اور 10 ارب اضافی کمائے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بھارت نے جو کچھ کیا وہ سوچی سمجھی سازش اور ان کا ایجنڈا ہے، یہ بہت پرخطر سال ہوگا، اس میں جنگ بھی ہوسکتی ہے، ہم جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے لیکن کشمیر پر ہونے والے ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے، اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کشمیر کوئی مقبوضہ بیت المقدس نہیں ہے، مودی نے غیر دانشمندانہ کام کیا، بعض سیاست دان ایسی غلطی کرتے ہیں جس سے تاریخ بدل جاتی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم ظلم پر خاموش رہیں، اس لیے بحیثیت ریلوے کے وزیر سمجھوتہ ایکسپریس کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا اعلان کررہا ہے، یہ ٹرین ہفتے میں دو دن چلتی تھی، اس کے مسافروں کو ٹکٹس کی واپسی پر پورے پیسے دیے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کشمیری اور پاکستان کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے، میں کشمیر کو اندر سے جانتا ہوں، مودی کی سیاست لال چوک سری نگر میں ختم ہوگی۔

بھارت کا ٹرین کو کلیئرنس دینے سے انکار

دوسری جانب آج سمجھوتہ ایکسپریس واہگہ ریلوے اسٹیشن پر بھارت جانے کے لیے تیار تھی لیکن بھارتی حکام کی جانب سے ٹرین وصول کرنے کی کلیئرنس نہیں دی گئی۔

دونوں ملکوں کے اسٹیشن ماسٹروں نے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا جس پر بھارت نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا اور ٹرین صبح 8 بجے سے 109 مسافروں کو لے کر اسٹیشن پر کھڑی رہی۔


اپنا تبصرہ لکھیں