وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پاکستان لٹریچر فیسٹول میں ہونے والی بدسلوکی پر پاکستانی سُپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان سے معافی مانگ لی۔
کراچی آرٹس کونسل کے تعاون سے کوئٹہ میں منعقد ہونے والا دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹول (پی ایل ایف) اپنی تمام رنگینوں اور رعنائیوں کے ساتھ گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فیسٹیول کے دوران اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے ناصرف اس کی مذمت کی بلکہ انہوں نے اس روئے پر اداکارہ سے معافی بھی مانگ لی۔
انہوں نے کہا کہ جو ایک شخص نے ماہرہ خان کے ساتھ کیا اس پر میں شرمندہ ہوں اور بحثیثت بلوچی ہونے کے اس کی مذمت کرتا ہوں اور ماہرہ خان سے معافی کا طلب گار ہوں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
اس سے قبل مختلف شوبز فنکاروں نے بھی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ اسے خوش اسلوبی سے سنبھالنے پر اداکارہ کی تعریف بھی کی۔
اداکارہ کنزا ہاشمی نے اس واقعے پر افسس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ماہرہ خان نے خوش اسلوبی سے معاملہ سنبھالا، لیکن یہ دیکھ گر بہت دکھ ہوا کہ جو فنکار بین الاقوامی سطح پر ملکی کی نمائندگی کرتا ہے اس کے ساتھ کس طرح کا رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان ہمارے ملک کا فخر ہیں اور ایک خاتون ہونے کی حیثیت سے بھی یہ نامناسب رویہ ہے۔
اداکار رابعہ کلثوم کے مطابق آرٹس کونسل کی انتظامیہ کو سیکیورٹی کا خاص انتظام رکھنا چاہئے تھا۔
اس کے علاوہ اداکار سرحا اصغر کے مطابق ہمیں اپنے فنکاروں کے ساتھ کس طرح کا رویہ اختیار کرنا چاہئے یہ ہمیں پڑوسی حریف ملک بھارت سے سیکھنے کی ضرورت ہے جو اداکارہ کو تاخیر سے شناخت کرنے پر ان سے معافی طلب کرتے ہیں۔