وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری مستعفی، عالمی بینک میں عہدہ سنبھالیں گے

وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری مستعفی، عالمی بینک میں عہدہ سنبھالیں گے


نگران وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری (پی ایس پی ایم) ڈاکٹر سید توقیر شاہ نے یکم نومبر سے عالمی بینک میں بطور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے پیش نظر استعفی دے دیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ان کا استعفی قبول کرلیا ہے، جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ ’وزیر اعظم نے ڈاکٹر سید توقیر شاہ کی جانب سے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری کا اپنے عہدہ سے دیا گیا استعفی منظور کر لیا، اس کا اطلاق 31 اکتوبر 2023 سے ہوگا۔

وزیر اعظم نے عہدہ چھوڑنے سے پہلے ایک مہینے کے ضروری نوٹس کو پورا کرنے کی لازمی شرط کو بھی معاف کردیا، نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم ایک ماہ تک نوٹس پورا کرنے کی شرط میں نرمی لائے ہیں۔

ڈاکٹر توقیر شاہ چار سال تک ورلڈ بینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرکا عہدہ سنبھا لیں گے اور نوید کامران بلوچ کی جگہ لیں گے۔

اسلا آباد ہائی کورٹ ڈاکٹر توقیر شاہ کی تقرری کا جائزہ لے رہی ہے اور وفاقی حکومت کو اس ہفتے کےآغاز میں نوٹس بھی جاری کر چکی ہے۔

اس معاملے پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹر توقیر شاہ کو مبینہ طور پر میرٹ اور قانونی عمل کے برخلاف عالمی بینک میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے کیونکہ وہ سابق وزیر اعظم کے خاص ساتھی بھی رہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں