وزیر اعظم عمران خان آج شام 5 بجر کر 20 منٹ پر قوم سے خطاب میں مہنگائی کے پیش نظر’ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی ریلیف پیکج‘ کا اعلان کریں گے۔
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا کہ ’وزیراعظم عمران خان انشاللہ آج شام 5 بج کر 20 منٹ پر قوم سے خطاب کریں گے‘۔
ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب میں ملکی تاریخ کے بڑے عوامی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے‘-
وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کے حوالے سے سب سے پہلے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے انکشاف کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے جلد ایک ’بڑے پیکج‘ کا اعلان کریں گے جس سے ایک کروڑ افراد کو براہ راست ریلیف ملے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے میڈیا کو بتایا تھا کہ وزیراعظم موجودہ معاشی صورتحال پر عوام کو اعتماد میں لیں گے اور مہنگائی پیکج کی تفصیلات بتائیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گزشتہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافے کی منظوری کے بعد سے حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت بڑی اپوزیشن جماعتوں نے ملک بھر میں ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔