وزیر اعظم کی آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم کی آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت


وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت شعبہ آئی ٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئی ٹی پارک کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، کورین کمپنی نے آئی ٹی پارک کی تکمیل کی مدت کو جون 2025 سے کم کرکے فروری 2025 کر دیا ہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک پر 24 گھنٹے کام جاری ہے، سی ڈی اے کی ٹیمیں کام کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے سائٹ کا دورہ کر رہی ہیں۔

اجلاس کو ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد سے ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے پائلٹ پروجیکٹ کا اجرا کیا جا رہا ہے، شہریوں کو اسلام آباد سٹی سپر ایپلیکیشن کے ذریعے 150 سروسز تک آسان رسائی ہوگی۔

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے حکومتی و انتظامی خدمات بشمول، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، اسلام آباد پولیس، صحت اور تعلیم کی سروسز میسر ہوں گی۔

اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی گزشتہ پانچ ماہ کی کارگردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گزشتہ برس کی نسبت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ پانچ ماہ میں 3 لاکھ طلب آئی ٹی اسکلز کے پروگرامز میں تربیت کے لیے رجسٹرڈ ہوئے، 4 نئے انکیوبیشن سینٹرز کا اجراء کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں حکومت کے اقدامات کی بدولت موبائل فونز کی تیاری میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 8 لاکھ کا اضافہ ہوا، وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر پر پہنچانے کے لیے آئی ٹی شعبے سے متعلقہ تمام ادارے مل کر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

اجلاس کو آئی ٹی شعبے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ان سے آئی ٹی برآمدات میں مرحلہ وار اضافے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ آئی ٹی شعبے میں 7 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی حکومتی سرمایہ کاری سے آئی ٹی برآمدات میں 2.5 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے، ملکی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے 10 ارب ڈالر، ٹیلی کام شعبے سے 2 ارب جبکہ حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں 13 ارب ڈالر کا زر مبادلہ متوقع ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں وفاقی حکومت کی تمام خدمات بشمول مالیاتی، صحت، زراعت، تعلیم، انتظامی اور سیکیورٹی کی خدمات موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں تک رسائی کے لیے منصوبہ حتمی مراحل میں ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹرز ملک مختار بھرتھ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں