وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کردیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ میں 3 کروڑ 36 لاکھ خاندان شامل ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے خود یوٹیلیٹی اسٹورز کے دورے کیے وہ اس کے لیے انتہائی فکر مند ہیں اور رمضان میں ریلیف فراہمی کےلیےکوشاں ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 19 اشیا پر سبسڈی دی جارہی ہے، یوٹیلیٹی اسٹور پر کم قیمت میں اشیا فراہم کی جارہی ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز کامعائنہ کررہے ہیں۔
رانا تنویر نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو بہتر کیا جائے، عوام کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پنجاب میں مریم نواز نے رمضان نگہبان پیکج شروع کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رات دن شہباز شریف مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے محنت کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے 2025 کے آخر تک یہ مہنگائی 10 کے ہندسے سے نیچے تک آجائے گی، سال سوا سال مشکل ہے لیکن اس کو کم کریں گے، ہم اسے سنگل نمبر تک لے آئیں گے۔