لاہور: وزیر اعظم عمران کا پی ایس ایل 7 کا فائنل دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم آنے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم عمران خان پی سی بی کے پیٹرن بھی ہیں جبکہ چئیرمین پی سی بی رمیز راجا نے وزیر اعظم عمران خان کو باضابطہ طور پر دعوت بھی دے رکھی ہے۔
پی ایس ایل فائنل کے لئے دیگر اہم حکومتی شخصیات کو بھی دعوت دی جائے گی، ذرائع کے مطابق زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو مدعو کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے نمائندے بھی فائنل دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 کا فائنل 27 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کا آغاز 27 جنوری سے کراچی میں ہوا تھا۔
پی ایس ایل 7 میں اب تک 15 میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں ملتان سلطانز کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ ناقابل شکست رہ کر سرفہرست ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر دوسرا نمبر اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہے جس کے 6 پوائنٹس ہیں جبکہ لاہور قلندرز بھی 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پو موجود ہے۔
ایونٹ میں چوتھے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے اور پشاور زلمی کا پانچواں نمبر ہے جبکہ کراچی کنگز بغیر کوئی میچ جیتے آخری نمبر پر موجود ہے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 7 کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہورہا ہے جس میں آج ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔