وزیر اعظم شہباز شریف کے وزیر تحفظ خوراک ہوتے ہوئے گندم کی درآمد کا انکشاف

وزیر اعظم شہباز شریف کے وزیر تحفظ خوراک ہوتے ہوئے گندم کی درآمد کا انکشاف


وزیر اعظم شہباز شریف کے وزیر قومی تحفظ خوراک و تحقیق ہوتے ہوئے ملک میں گندم درآمد کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ مارچ میں گندم کی درآمد کے وقت وزیر اعظم وزارت خوراک کے انچارج وزیر خود تھے، انہوں نے 3 اپریل کو وفاقی وزیر رانا تنویر کو قومی تحفظ خوراک کا اضافی قلمدان دیا، اس سے قبل تقریباً ایک ماہ تک وزیر اعظم شہباز شریف وزیر تحفظ خوراک کے انچارج وزیر تھے۔

وزیر اعظم نے گندم درآمد کے معاملے پر سیکریٹری خوراک محمد آصف کو او ایس ڈی کردیا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال فروری تک 225 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ روپےکی گندم درآمد ہوئی، مارچ 2024 میں57 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی گندم درآمد کی گئی۔

یوں رواں مالی سال مارچ تک 282 ارب 97 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی کُل 34 لاکھ 49 ہزار 436 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، جبکہ موجودہ حکومت کے پہلے ماہ 6 لاکھ 91 ہزار 136 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نگران دور میں27 لاکھ 58 ہزار 226 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہونے کے باوجود نگران حکومت کے دور میں بڑے پیمانے پر گندم کی درآمد کے معاملے میں روز نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔

یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ موجودہ حکومت کی اب تک کی مدت میں بھی گندم کی درآمد کا سلسلہ جاری رہا۔


اپنا تبصرہ لکھیں