وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے


وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

بطور وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا دورہ کراچی ہے، اس موقع وزیر اعظم کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب اور احسن اقبال سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر اراکین پارلیمنٹ بھی موجود ہیں۔

کراچی پہنچنے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ وزیر اعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے جبکہ کراچی سے تعلق رکھنے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسمٰعیل سمیت دیگر نے وزیر اعظم کو خوش آمدید کہا۔

وزیر اعظم نے ایک روزہ دورہ کراچی پر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ مزار قائد پر بھی حاضری دی، جہاں انہوں بانی پاکستان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں مہمانوں کی کتاب میں اپنے خیالات بھی درج کیے۔

وزیر اعظم بانی پاکستان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم بانی پاکستان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی— فوٹو: ڈان نیوز

مزار پر حاضری کا مقصد ملک کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے بانی قوم کے وضع کردہ اصولوں کی پاسداری کا اعادہ کرنا ہے۔

وزیر اعظم کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں انہیں سندھ بالخصوص کراچی کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کے لیے بہادر آباد کا بھی دورہ متوقع ہے۔

خیال رہے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 12 اپریل کو 174 ووٹ لے کر ملک کے 23 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سابق وزیر اعظم عمران خان کے پیش رو ہیں، جنہیں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے برطرف کیا گیا تھا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کوپیش کی گئی تھی جسے اجلاس میں پہلے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے مسترد کردیا تھا جبکہ بعد ازاں معاملہ ازخود نوٹس کے ذریعے سپریم کورٹ میں گیا اور دوبارہ اسمبلی کا اجلاس ہوا۔

تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے دوسرے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت پی ٹی آئی کے تمام اراکین نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) رہنما ایاز صادق کے اجلاس کی صدارت کی اور 174 ووٹ کے ساتھ شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں