کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا ہاؤسز کے خلاف کارروائیوں پر وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اطلاعات تک رسائی اور اظہار رائے کی آزادی کی ضمانت آئین پاکستان دیتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ملک کو درپیش مسائل کی نشاندہی میں میڈیا کا اہم کردار ہے، یہ بات افسوسناک ہے کہ وفاقی حکومت میڈیا کو کنٹرول کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینلزکی بندش اور میڈیا کی آزادی کو سلب کرنا خلاف آئین ہے لہٰذا درخواست ہے کہ میڈیا ہاؤسزکے خلاف کارروائی سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) ے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بھی وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط بھیجا تھا جس میں انہوں نے حکومت کو میڈیا سے محاذ آرائی نہ کرنے کا مشورہ دیا۔