وزیراعظم کے مشیروں کی تقرریوں کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر


وزیراعظم عمران خان کے 16مشیران خاص کی تقرریوں کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔

لاہور ہائی کورٹ آفس نے مشیروں کی تقرری کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ نہ لگانے پر اعتراض لگایا تھا۔

درخواست گزار نے وزیراعظم کے مشیروں کی تقرری کا نوٹیفکیشن لگا کر آفس ہائی کورٹ کا اعتراض ختم کر دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان 10 اگست کو کیس کی سماعت کریں گے۔

درخواست میں وزیراعظم عمران خان، وزارت قانون، عبدالحفیظ شیخ، شہزاد اکبر، ڈاکٹر ظفر مرزا اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نہ تو رکن اسمبلی ہیں اور نہ ہی سینٹ کے ممبر ہیں مگر انہیں وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 92 کے تحت وزیر اعظم کی سفارش پر صرف رکن اسمبلی کا ہی وفاقی وزیر کے عہدے پر تقرر کیا جا سکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں