صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگانے کے باوجود وائرس کا شکار ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ‘میرا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اللہ تمام کووڈ متاثرین پر رحم کرے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ویکسین کی پہلی خوراک لے چکا تھا لیکن دوسری خوراک لینے کے بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتے ہیں جو ایک ہفتے بعد لگنی تھی’۔
صدر مملکت نے کہا کہ ‘احتیاط جاری رکھیں’۔
بیان میں علامات اور قرنطینہ کے حوالے سے وضاحت نہیں کی گئی تاہم احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان بھی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد وائرس سے متاثر ہوگئے تھے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے 20 مارچ کو ٹوئٹر پر تصدیق کی تھی کہ ‘عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے’۔
انہوں نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے پیغام میں کہا تھا کہ سال بھر میں احتیاط کی لیکن سینیٹ انتخابات کے دوران احتیاط نہیں کرسکا اور وائرس سے متاثر ہوا۔
واضح رہے کہ 15 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں کورونا ویکسین لگوائی تھی۔
صدر مملکت نے ٹوئٹر پر ویکسین لگانے کی تصویر بھی جاری کی تھی اور بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کورونا کی ویکسین لگوانے اسلام آباد میں کووڈ ویکسینیشن مرکز ترلائی پہنچے جہاں صدر مملکت اور ان کی اہلیہ ثمینہ عارف علوی کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی۔
صدر مملکت نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں اشرافیہ نے لائن توڑ کر ویکسین لگوائی، پاکستان میں عمر کے حساب سے اپنی باری پر ویکسین لگائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں نے 1166 پر رجسٹریشن کروائی اور نمبر آنے پر ویکسین لگوائی، حکومت نے ویکسینیشن کا آسان اور بہترین نظام بنایا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ویکسین ملنے کے باوجود احتیاط جاری رکھیں، کورونا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور فاصلہ برقرار رکھنا جاری رکھیں۔