وزیراعظم کے اعتماد تک عثمان بزدار ہی وزیر اعلیٰ پنجاب رہیں گے: فواد چوہدری


وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اعتماد تک عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے۔

جیو نیوز کے ماننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے بھی اداروں میں نئی ڈیل کی بات کی تھی جس سے امریکا بدل گیا تھا، یہاں بھی ایسا ہی ضروری ہے اور چیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آرمی چیف سول اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور وزیراعظم کی سوچ بھی یہی ہے، اداروں کے سربراہان ڈائیلاگ کریں اور اہم اداروں کا توازن بحال کریں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آرمی ایکٹ اور معاشی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، اہم معاملات پر اداروں کے درمیان اور اپوزیشن کے ساتھ اتفاق ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ادارہ دوسرے ادارے کی طاقت نہیں لے سکتا، بہتر صورت حال ہو گی کہ تمام ادارے نئی ڈیل کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کے اعتماد تک عثمان بزدار وزیر اعلیٰ رہیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں