وزیراعظم کی سعودی وزیردفاع کو’نشانِ پاکستان’ حاصل کرنے پر مبارکباد

وزیراعظم کی سعودی وزیردفاع کو’نشانِ پاکستان’ حاصل کرنے پر مبارکباد


وزیراعظم شہبازشریف نےسعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو ملک کا سب سے بڑا سول ایوارڈ نشانِ پاکستان حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔

شہباز شریف نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ اپنے عزیز بھائی سے ملاقات اور بات چیت میں انتہائی خوشی ہوئی۔

وزیراعظم نے لکھا کہ ملاقات کے دوران خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 23 مارچ کو پاکستان میں 84واں یوم پاکستان جوش و جذبے سے منایا گیا تھا، سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود نے اسلام آباد میں ہونے والی پریڈ کی خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو نشان پاکستان کے اعزاز سے نوازا تھا۔

ایوان صدر اسلام آباد میں تقریب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود نے وزیر اعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں کی تھیں جس میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی شعبے کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں