اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عارضی قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے فقدان پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ڈیرہ غازی خان میں اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پرغور کیا گیا، بیرون ملک سے آنے والے افراد کے کورونا ٹیسٹ کے انتظامات پر بھی بات چیت کی گئی جب کہ صوبہ پنجاب میں بنائے گئے قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عارضی قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے فقدان پر سخت اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے، تمام ادارے اور افسران اپنی خدمات لوگوں کے لیے وقف کردیں اور لوگوں کی خدمت کو ہی اپنا شعار بنائیں، جب کہ تمام سرحدی علاقوں سے داخل ہونے والے افراد کی مکمل اسکریننگ کی جائے۔