وزیراعظم کا سٹیزن پورٹل پر شکایات کے حل میں تاخیر کا نوٹس


وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کو متعین کردہ طریقہ کار کے مطابق نہ نمٹانے اور شکایات کے حل میں تاخیر کانوٹس لے لیا۔

سرکاری خبررساں ادار ے ‘اے پی پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس کی تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا کہ نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کے حل کے متعلقہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا چند افسران کے ڈیش بورڈ کی چانچ پڑتال کی گئی تھی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ شکایات ہدایات کے مطابق حل نہیں کی جارہی تھیں اور ہ ہی مناسب سطح پر ان کے ازالے کے لیے کوئی فیصلہ کیا گیا۔

اس میں کہا گیا کہ ‘ شہریوں کو جواب کے معیار سے ثابت ہوتا ہے کہ نظام کو ماتحت افسران کے ہاتھ میں دے دیا گیا اور اکثر فیصلےوہی کرتے ہیں’۔

وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کمیٹی کی سربراہی جوائنٹ سیکریٹری کرے گا اور اس میں وزارت یا ڈویژن کے انتظامی ترججمان، تکنیکی ترجمان، وزارت سے وابستہ محکموں کے ترجمان پر مشتمل ہوگی۔

بیان کے مطابق کمیٹی، متعین کردہ افسران کے ڈیش بورڈ کی کارکردگی کئ جانچ پڑتال کرے گی اور اب تک حل شدہ اور غیر شدہ حل شکایات سے متعلق خامیوں کی نشان دہی بھی کرے گی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کمیٹی بدترین کارکردگی کے ذمہ داران افسران اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی نشان دہی کرے گی اور سٹیزن پورٹل کے ذریعے شکایات کے حل سے متعلق کامیابی کے تناسب سے بھی آگاہ کرے گی۔

وزیراعظم کی جانب سے کارکردگی کے جائزے سے متعلق رپورٹ جمع کروانے کے لیے وزارتوں اورڈویژنز کو 30 روز کی مہلت دی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افسران کی کارکردگی کے جائزہ کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ شہریوں کو کہا گیا کہ انہیں ریلیف یا جزوی ریلیف دے دیا گیا ہے لیکن حقیقت میں صورتحال اس کے بر عکس تھی اور شکایات کے ازالے کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شہریوں کو شکایات کے حوالے سے ثبوت فراہم کرنے پر اصرار کے باوجود بہت ساری حل شدہ شکایات کے ثبوت موجود نہیں تھے جبکہ بہت سی درخواستوں کو غیر متعلقہ سطح پر نمٹایا گیا۔

خیال رہے کہ 13 فروری کو پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ کو ورلڈ گورنمنٹ سمٹ (ڈبلیو جی ایس) میں دوسری بہترین سرکاری ایپلی کیشن قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں وزیر اعظم عمران خان نے اس ایپ کو متعارف کروایا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں