’وزیراعظم کا دامن صاف ہے، انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں‘


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دامن صاف ہے، انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں اور سب سے بڑی عدالت نے انہیں صادق اور امین قرار دیا ہے۔

دو روز قبل حکومت نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کا مسودہ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظور کرانے کے بعد صدر سے بھی اس کی منظوری لے لی تھی۔

گزشتہ روز وزارت قانون نے نیب ترمیمی آرڈیننس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا جسے قومی احتساب دوسرا ترمیمی آرڈیننس 2019 کا نام دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام بڑی اپوزیشن جماعتوں نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی مخالفت کرتے ہوئے اسے حکومتی افراد کو بچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ترمیمی آرڈیننس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام کے لیے بڑی خبر ہے کہ عمران خان اپنی حکومت کے ہر منصوبے کی انکوائری روکنے کے لیے نیب آرڈیننس لا رہے ہیں، سلیکٹڈ حکومت کا نیب آرڈیننس اپنی کرپٹ حکومت اور دوستوں کو این آر او دینے کی سازش ہے۔

یہ بھی پڑھیں
فواد چوہدری نےنیب اور ایف آئی اے کو ضم کرنے کا مطالبہ کردیا
نیب ترمیمی آرڈیننس کا فائدہ کِس کِس کو ہوگا؟
نیب ترمیمی آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج
نیب ترمیمی آرڈیننس 2019 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری
اپوزیشن کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آرڈیننس کے تحت دیانتدار پبلک آفس ہولڈرز بلا خوف و خطر عوامی مفاد میں فیصلے کر سکیں گے اور اپنی قانونی ذمہ داریاں انجام دیں سکیں گے، اس سے گورننس مزید فعال، معیشت مستحکم اور تجارتی ماحول ساز گار ہو گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف جہاد بھرپور قوت سے جاری ہے، نیب کا کام میگا کرپشن اسکینڈلز کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہے اور یہ کام نیب اور بھی زیادہ قوت سے انجام دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے سرکاری ملازمین کے خلاف ضرور کارروائی ہو گی جنہوں نے طریقہ کار کی غلطیوں یا محکمانہ نقائص سے ذاتی مفادات حاصل کئے ہوں گے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اثاثہ جات میں بے پناہ اضافہ کرنے والے پبلک آفس ہولڈرز کارروائی سے ہرگز مبرا نہیں ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئے روز نیب کے خلاف محاذ کھولنے والے لیگی ترجمانوں کا نیب ترمیمی آرڈیننس پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دامن صاف ہے، انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں، سب سے بڑی عدالت نے انہیں صادق اورامین قرار دیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کے بدترین سیاسی مخالف بھی ان پر کرپشن کا الزام لگانے میں ناکام رہے اور رہیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں