وزیراعظم نے گوادر میں انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا


کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے دورے میں گوادر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔

گوادر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ وزیراعلیٰ بلوچستان، چینی سفیر اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر حکام موجود تھے۔

 وزیر اعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی سے پورے خطےکو فائدہ ہوگا اور گوادر کو بجلی کی نیشنل گرڈ سے جوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سیلی نیشن پلانٹ کی تیاری کر رہے ہیں اور پانی کی ری سائیکلنگ کیلئے بھی پلانٹ لگائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ گوادر اور کراچی کے درمیان فیری سروس بھی شروع کی جائے گی، ریلوے ٹیکنالوجی میں چین سے بھر پور مدد لے رہے ہیں اور گوادر سے کوئٹہ ریلوے ٹریک بنائیں گے۔

وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ وہ اپریل میں چین کا دورہ کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم کوئٹہ پہنچے تو وزیراعلیٰ جام کمال نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد وزیراعظم ہیلتھ کمپلیکس کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعظم کوئٹہ میں ہیلتھ کمپلیکس کا افتتاح کررہے ہیں — فوٹو: پی آئی ڈی 

اس موقع پر وزیراعظم نے کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلیے تعاون پر آرمی چیف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ  جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے رابطوں کے ذریعے کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کیلیے یو اے ای سےفنڈنگ لائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ماضی میں حکمرانوں نے بلوچستان کے وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا، پرانے پاکستان کے طریقوں نے ہی ملک کو کنگال کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اب تبدیلی کی سوچ ہے، ملک کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے، بلوچستان حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر صوبے میں کینسر انسٹیٹیوٹ بھی بنائیں گے۔

وزیراعظم کچلاک تا ژوب روڈ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کے بعد دو روزہ گوادر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں