لاہور:
بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہاکہ وزیراعظم نے قانون سازی کے لیے حمایت کا یقین دلایا ہے۔
یاد رہے کہ ابھی تک فکسنگ میں ملوث پائے جانے والے کرکٹرز کو آئی سی سی یا پی سی بی کی جانب سے پابندی یا جرمانے کی سزائیں دی جاتی رہی ہیں،اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 میں سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کو برطانیہ میں عدالت نے جیل بھجوایا تھا، قانون سازی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں کسی کرکٹر کیخلاف اس نوعیت کی کوئی کارروائی نہیں ہو سکی۔
دریں اثنا گذشتہ کئی ہفتوں سے یہ اطلاعات زیرگردش تھیں کہ احسان مانی صدر بھارتی بورڈ سارو گنگولی کے مقابل آئی سی سی چیئرمین کے انتخابات میں حصہ لیں گے،اس حوالے سے انھوں نے ایک بار پھر صورتحال واضح کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی اس دوڑ میں شامل ہی نہیں تھا، میں صرف پاکستان کرکٹ کی ہی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ الیکشن جولائی میں متوقع ہیں، موجودہ چیئرمین ششانک منوہر پہلے ہی واضح کر چکے کہ وہ مزید اس عہدے پر برقرار رہنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔