اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ سے منظور شدہ اداروں کی نجکاری تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری صنعت ڈویژن اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت صنعت کے زیر انتظام اداروں کی استعداد بڑھانے پر بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ صنعت ڈویژن کے زیر انتظام 38 ادارے ہیں، 13 اداروں کی نجکاری، 10 کے انضمام، 5 متعلقہ ڈویژنز اورصوبوں کو منتقلی کے بعد 9 ادارے رہ جائیں گے۔
اس دوران وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ کابینہ سےمنظورشدہ اداروں کی نجکاری تیز کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی خزانے پر بوجھ بننے والے سرکاری اداروں کی نجکاری قومی مفاد میں ہے، مقصد معاشی خسارے میں کمی اور اداروں کی استعداد میں بہتری یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اِس عمل میں کاروباری طبقے اور چینج منیجمنٹ کے ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے رواں سال آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور ماڑی پیٹرولیم سمیت 6 اداروں کی نجکاری مکمل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔