وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے۔
ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ اس اعلیٰ سطح دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ ان کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر ہمراہ ہیں۔
علاوہ ازیں دفتر خارجہ سے جاری ایک اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ اپنے دورے میں وزیراعظم عمران خان امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم کے اس دورے کا مقصد باہمی تعاون کو مستحکم کرنے اور علاقائی ترقی پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر قطر روانہ
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ دورہ ایسے وقت میں کیا جارہا جب 2 روز بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہی امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخظ کی تقریب ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی اعتماد کی بنیاد پر قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں، یہ دوطرفہ تعلقات وسیع اور کثیرالجہتی ہیں جو سیاست، تجارت، دفاع، لوگوں سے لوگوں کے تعلقات اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان کے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ دوسرا دورہ قطر ہے۔
قبل ازیں گزشتہ برس جون میں امیر قطر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تجارتی تعاون کو مستحکم کرنے پر بات چیت ہوئی تھی اور وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ اس معاملے کو مزید تقویت بخشے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی قطری ہم منصب سے ملاقات، اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال
اپنے آخری دورے میں عمران خان نے دوحہ کی قیادت سے قطر میں افرادی قوت بھیجنے کے معاملے پر بھی بات چیت کی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں قطر نے اپنے ملک میں کام کرنے کے خواہش مند پاکستانی افرادی قوت کے لیے ویزا کا عمل آسان بنانے کے پیش نظر اسلام آباد میں ویزا سہولت سینٹر کھولا تھا۔
اس کے علاوہ قطر کی جانب سے پاکستانی ورکرز کے لیے ایک لاکھ نوکریوں کا بھی وعدہ کیا گیا تھا اوراس سلسلے میں حکومت نے قطری حکومت سے بات بھی کی تھی۔