وزارت صحت نے 20 ادویات کی قیمتیں کم کردیں

وزارت صحت نے 20 ادویات کی قیمتیں کم کردیں


وزارت صحت نے 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کر دی جس میں کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات بھی شامل ہیں۔

وزارت قومی صحت (این ایچ ایس) کی جانب سے زیادہ سے زیادہ قیمت پر نظرثانی سے مریضوں کو ماہانہ 75 ہزار روپے تک کا ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان میں پھیپھڑوں کا کینسر، چھاتی کا کینسر، ایچ آئی وی ایڈز، خون کا جمنا، بلڈ پریشر، آنکھوں کے انفیکشن، ہڈیوں کے امراض، خواتین میں بانجھ پن کے علاوہ فنگل انفیکشن کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔

ڈان کے پاس موجود دستاویز کے مطابق ٹارسیوا کی 150 ملی گرام کی 30 گولیوں کی قیمت میں 30 فیصد کمی کی گئی ہے، جس کے بعد یہ 2 لاکھ 14 ہزار 710 روپے سے زیادہ پر فروخت نہیں کی جاسکے گی۔

اسی طرح پھیپھڑوں اور لبلبے کے کینسر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی 100 ملی گرام کی ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت ایک لاکھ 72 ہزار 320 روپے ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق چھاتی اور پیٹ کے کینسر میں استعمال کیے جانے والے 450 ملی گرام کے ہرسیپٹن انجیکشن کی قیمت بھی 30 فیصد کمی کے بعد ایک لاکھ 99 ہزار 741 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح ایڈز (امیونو ڈیفی شینسی سینڈروم) میں مبتلا افراد میں سائٹومیگالو وائرس ریٹینائٹس کے علاج کے لیے ویلسائٹ کی 60 گولیوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت ایک لاکھ 16 ہزار 165 روپے رکھی گئی ہے۔

دستیاویز کے مطابق زیرالٹو کے 28 گولیوں کی قیمت 4 ہزار 810 روپے ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق بلند فشار خون کو کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی دوا کورینی ٹیک 258 روپے سے زیادہ قیمت پر فروخت نہیں کی جاسکے گی۔

ٹیموپ ٹول آنکھوں میں قطرے ڈالنے والی دوا کی قیمت 184 ررپے ہوگی، خواتین کے بانجھ پن میں استعمال ہونے والی میڈیسن کلومڈ کی قیمت 440 روپے مقرر کی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہڈیوں کے علاج میں استعمال ہونے والا انجیکشن اکلاسٹا(3 ملی گرام) کی زیادہ سے زیادہ قیمت 27 ہزار 514 روپے ہو گی جبکہ زوفران کے 5 انجیکشن کی قیمت 4 ہزار 659 روپے مقرر کی گئی ہے۔

متعدد اقسام کے کینسر کی کیموتھراپی میں استعمال ہونے والے انجیکشن ٹیکسوٹیری (20 ملی گرام / ایک ملی لیٹر) کی قیمت 11 ہزار 429 روپے مقرر کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق فنگل انفیکشن میں استعمال کی جانے والی لیمسل کریم کی زیادہ سے زیادہ قیمت 262 روپے ہوگی۔

وزارت کے ترجمان سجاد شاہ نے ڈان کو بتایا کہ وزارت صحت نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو ادویات کی قیمتیں کم کرنے کا کہہ رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں