اسلام آباد:
وزارت خزانہ نے وزارت اقتصادی امور کی اس رپورٹ کو ملکی مفاد کے خلاف قرار دیدیا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے 6 ماہ کے دوران5.5 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس رپورٹ سے ملکی مارکیٹ پر منفی اثر پڑا،وزارت خزانہ نے اپنی ایک وضاحت میں کہا ہے کہ مذکورہ رپورٹ نہ صرف گمراہ کن تھی بلکہ ملکی مفاد کے بھی خلاف تھی، اس سے مارکیٹ کو منفی اشارے ملے اور تیزی سے مستحکم ہوتی ہوئی ملکی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے،ملکی مفاد کی اصطلاح کا غلط استعمال متعدد حکومتوں نے کیا مگر تحریک انصاف کی حکومت اسے اپنی نااہلی چھپانے اور بین الوزارتی عدم تعاون کو چپھانے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔
وزارت اقتصادی امور نے مذکورہ رپورٹ 21 جنوری کو جاری کی جس کی بنیاد پر ملکی میڈیا نے خبریں شائع کیں،چھ ماہ قبل تک وزارت اقتصادی امور وزارت خزانہ کا حصہ تھی تاہم وزیر اعظم عمران خان نے اسے الگ کر کے حماد اظہر اقتصادی امور کا نیا وزیر تعینات کر دیا۔
وزارت خزانہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ جولائی تا دسمبر2019ء کے عرصے میں مجموعی وصول شدہ بیرونی قرضوں میں پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلہ میں156 فیصد کی بجائے31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔