ورلڈ کپ 2019 کی افتتاحی تقریب آج سجے گی


لندن: 

ورلڈ کپ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب آج لندن مال میں سجے گی جس میں کرکٹ کو رقص اور موسیقی کا بھرپور تڑکا لگایا جائے گا۔

انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کو بدھ کے روز رقص و موسیقی کا تڑکا لگایا جائے گا۔ اس سلسلے میں لندن مال میں شاندار افتتاحی رنگارنگ تقریب سجائی جا رہی ہے، جس میں نامور کرکٹرز کی موجودگی میں انٹرٹینمنٹ سے شائقین کرکٹ کو لطف اندوز کیا جائے گا۔

منتظمین کی جانب سے تفصیلات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا، اسے ایک سرپرائز پارٹی قرار دیا جارہا ہے، اس تقریب کی ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں، قرعہ اندازی کے تحت 4 ہزار شائقین کو ایونٹ میں شریک کا پروانہ جاری کیا گیا تھا، یہ ٹکٹ کسی دوسرے کو فروخت نہیں کیے جاسکتے بلکہ جس کے نام پر جاری ہوئے وہی انھیں استعمال کرسکتا ہے۔

ایک گھنٹے پر محیط تقریب کو پوری دنیا میں برطانیہ کے معیاری وقت کے مطابق 5 بجے شام براہ راست نشر کیا جائے گا، پاکستانی سرفراز احمد سمیت تمام کپتان ملکہ برطانیہ سے ملاقات کریں گے۔

ورلڈ کپ کے مینجنگ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہاکہ اوپننگ پارٹی ہر اس پہلو کا احاطہ کرے گی جو اس ٹورنامنٹ کو خاص بناتا ہے، اس میں شریک ہونے والے خوش قسمت شائقین اور ٹی وی ناظرین لطف اٹھائیں گے، بکنگھم پیلس کے سامنے موجود یہ مال کئی بڑی تقاریب کا میزبان بن چکا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ میں جمعرات سے شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کیلیے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں، حالیہ کچھ ماہ میں کرکٹ کھیلنے والے 2بڑے ممالک نیوزی لینڈ اور سری لنکا میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات نے میگا ایونٹ کے منتظمین کو سیکیورٹی پلان پر نظر ثانی پر مجبور کیا اور اس میں مزید بہتری بھی لائی گئی ہے، دنیا کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر دہشتگردی کے خطرے کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا، اس لیے آئی سی سی کی ٹیم مکمل طور پر چوکس ہے۔

ورلڈ کپ سیکیورٹی ٹیم کی سربراہ جل میک کریکین نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم تاریخ کے سب سے چیلنجنگ ورلڈ کپ کو محفوظ ترین بنانے کیلیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے مجموعی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں، ہم اپنے سیکیورٹی پلان کے بارے میں تمام کرکٹ بورڈز کو خطوط لکھ چکے، اس کے باوجود ضرورت پڑنے پر ردوبدل بھی کرسکتے ہیں۔ ٹیمیں اپنے ساتھ سیکیورٹی ایڈوائزرز بھی لائی ہیں  اور وہ سب انتظامات کے حوالے سے کافی مطمئن ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیاکہ 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں شیڈول پاک بھارت میچ کو بھی کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے، ہم مسلسل انٹیلی جینس یونٹس کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم نے مختلف کمیونٹیز کے درمیان کسی قسم کے تناؤ کے بھی کوئی آثار نہیں پائے، فی الحال ہمارے پاس پریشان ہونے کیلیے کوئی معلومات نہیں ہیں۔ واضح  رہے کہ دوران میچ کسی بھی وینیو کے اطراف میں کسی ڈرون کو پرواز کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

جل میک کریکین نے کہاکہ یہ ایک کرکٹ کا ایونٹ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ صرف کھیل کے حوالے سے ہی یاد رکھا جائے، یہ میرے اور ٹیم کیلیے ایک بہت بڑا ایونٹ ہے جس کی منصوبہ بندی ہم2016 سے کررہے ہیں، ہم چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز ورلڈ کپ 2017 میں بھی مختلف چیزوں کی آزمائش کرچکے ہیں۔

اپنی ٹیم کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اس میں سابق فوجی اور پولیس آفیسرز شامل ہیں، جنھیں بڑے ایونٹس کی سیکیورٹی کا غیرمعمولی تجربہ حاصل ہے۔ ایک سوال پر جل میک کریکین نے واضح کیا کہ سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کے باوجود شائقین کو کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا


اپنا تبصرہ لکھیں