ورلڈ کپ کے مستقبل کا فیصلہ جولائی تک متوقع


ویلنگٹن:جولائی سے قبل ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے مستقبل کا فیصلہ سنائے جانے کا کوئی امکان نہیں، نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کے بارے میں بات چیت جاری ہے مگرفوری طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا، ادھر آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ایونٹ کے التوا کیلیے خود کو ذہنی طور پر تیار کرلیا،انھوں نے کہا کہ 1، 2، 3 یا زائد مہینوں کیلیے بھی ٹورنامنٹ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے بھی واضح کردیاکہ اکتوبر، نومبر میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ جولائی سے قبل متوقع نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ ہنگامی پلان کی تیاری کا کام جاری اور بہت سے معاملات پر بات چیت ہورہی ہے،کوئی بھی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا، ایسا جولائی میں ہی ہوگا۔ ڈیوڈ وائٹ نے اپنے ملک میں آئندہ فروری میں شیڈول ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے حوالے سے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے بہت ہی خاص اور اس کا التوا ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے۔ انھوں نے کیوی ٹیم کے دورۂ نیدرلینڈز کے ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اور ویسٹ انڈیز کے جون، جولائی میں ٹورز فی الحال برقرار ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی محدود اوورز کی ٹیموں کے کپتان ایرون فنچ نے کہاکہ ہمیں ٹی 20 ورلڈ کپ کے التوا کیلیے ذہنی طور پر تیار ہوجانا چاہیے، یہ 1،2،3یا زائد ماہ کیلیے ملتوی ہوسکتا ہے،فنچ خالی اسٹیڈیمز میں بھی کھیلنے کیلیے تیار ہیں، انھوں نے کہا کہ اگرمقابلے ٹیلی کاسٹ ہورہے ہوں تو پھر کھلاڑیوں کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتاکہ کراؤڈ ہے یا نہیں، ہم پہلے ہی نیوزی لینڈ سے ایک ون ڈے بغیر کراؤڈ کے کھیل چکے ہیں۔ فنچ نے حکام کو ملتوی سیریز اور ٹورز ری شیڈول کرنے کیلیے منفرد سوچ اختیار کرنے کا بھی مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک وینیو پر 2 پانچ روزہ میچز بھی کھیلے جا سکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں