شارجہ:
’سلو‘ پچز تیز بیٹسمینوں کیلیے خطرہ بن گئیں جب کہ شارجہ میں آئی پی ایل کے لو اسکورنگ میچز نے ورلڈ کپ کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے۔ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر کو عمان اور متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گا، اماراتی کنڈیشنز روایتی طور پر اسپنرز کیلیے معاون ہوتی ہیں،البتہ شارجہ کی پچ آئی پی ایل میچز کے دوران انتہائی سلو ثابت ہوئی،یہاں ایک بھی ہائی اسکورنگ میچ دیکھنے کو نہیں ملا، اس سے ہارڈ ہٹرز کو اپنی برق رفتار بیٹنگ کے جلوے دکھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ٹوئنٹی 20 کرکٹ چھکوں اور چوکوں کے طوفان کا دوسرا نام ہے، سلو ٹریکس اور اسپنرز کی جنت میں لو اسکورنگ مقابلے شائقین کی دلچسپی کم اور میگا ایونٹ کی رونق ماند کرسکتے ہیں۔
آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ نے اس حوالے سے کہاکہ ہم نے آئی پی ایل میچز دیکھے،اس میں پچزکا بھی اچھی طرح اندازہ ہوگیا ، شارجہ کی پچز خاص طور پر میرے لیے حیران کن ہیں، یہ ایک چھوٹا گراؤنڈاور یہاں پر دنیا کی فلیٹ ترین پچز موجود ہیں، ابوظبی میں بھی سلو پچز ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہاں پر اسپن کیخلاف خاص طور پر سخت کام کرنے کی ضرورت ہوگی، نیٹس میں میگا ایونٹ کیلیے بھرپور تیاری کرنا پڑیگی، سیمرز اور دوسرے پہلوؤں کے بجائے زیادہ توجہ اسپن بولنگ پر مرکوز کرنا ہوگی،ان ٹریکس پر پیسرز کا سامنا کرنے کیلیے بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔
ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ اپنی مہم کا آغاز ابتدائی راؤنڈ میں 18 اکتوبر کو نیدرلینڈز کیخلاف ابوظبی کے زید اسٹیڈیم میں شیڈول میچ سے کرے گا۔