ترکی میں جاری انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف نے ناک آوٹ مرحلے کا پہلا میچ جیت کر راونڈ آف 32 میں جگہ بنالی۔
ترکی کے شہر انتالیہ میں جاری عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پاکستانی کیوئَسٹس اپنی کارکردگی میں تسلسل نہ رکھ سکے اور 4 میں سے صرف ایک کھلاڑی محمد آصف اپنی پیش قدمی جاری رکھ سکا جبکہ دیگر 3کھلاڑیوں بابر مسیح، ذوالفقار بابر اور مبشر رضا کو راؤنڈ آف 64 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان نمبر ون محمد آصف نے فائنل میں روس کے آئیون کاکوسکی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دی۔
آصف نے ابتدائی 2 فریمز جیت کر برتری حاصل کی لیکن پھر روسی کیوئسٹ نے کم بیک کرکے مسلسل 3 فریمز جیتے اور چھٹے فریم میں آصف نے مقابلہ 3-3 کردیا۔
فیصلہ کن فریم میں پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ نے 20 سالہ روسی پلیئر کو ایک بھی بال پوٹ نہ کرنے دی اور 51 کا بریک کھیلتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔
پاکستان نمبر ٹو پلیئر ذوالفقار عبدالقادر ہانگ کانگ کے چیونگ کا وائی کیخلاف 0-2 کی برتری حاصل کرنے بعد کھیل پر کنٹرول نہ رکھ سکے اور 2-4 سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
مبشر رضا بھی اپنا میچ ہار گئے، انہیں فلپائن کے مینگوریو نے باآسانی 1-4 سے زیر کیا جبکہ بابر مسیح کو بلجیئم کے کیون ہینسین نے 2-4 سے شکست دے کر ناک آؤٹ کردیا۔
ٹورنامنٹ میں اب پاکستان کی واحد امید قومی نمبر ون اور سابق عالی چیمپئن محمد آصف ہیں جن کا راؤنڈ آف 32 میں مقابلہ اسرائیل کے شاشر روبرگ سے ہوگا۔
اسرائیلی کیوئسٹ کو ایرانی کیوسٹ عامر سرکوش کیخلاف واک اوور مل گیا کیوں کہ ایرانی پلیئرز پالیسی کے تحت اسرائیل سے کھیلوں میں مقابلہ نہیں کرتے۔