لندن: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے فائنل برابر ہوگیا جس کے بعد ورلڈ چیمپئن فاتح کا فیصلہ سپر اوور میں ہوگا۔
کیویز ٹیم کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 241 رنز بناسکی۔
انگلش ٹیم کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے تاہم کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ نے ابتدائی دو گیندوں پر کوئی رن نہیں بننے دیا۔
جس کے بعد انگلش بلے باز اسٹوکس نے اگلے گیند پر شاندار چکھا لگا کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے، چوتھی گیند پر 2 رنز لیتے ہوئے اوور تھرو کی وجہ سے انگلش ٹیم کو 6 رنز مل گئے اور نیوزی لینڈ شائقین کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دیں تاہم پانچویں بال پر 2 رنز لینے کی کوشش میں راشد خان رن آؤٹ ہوئے۔
میچ کی آخری گیند پر انگلینڈ کا آخری کھلاڑی دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگیا اور یوں میچ برابر ہوگیا۔
سپر اوور میں انگلینڈ کی جانب سے اسٹوکس اور بٹلر کھیلنے آئے جنہوں نے 16 رنز کا ہدف دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے فائنل میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
مارٹن گپٹل اور ہنری نکولس نے انگلینڈ کے خلاف اننگز کا آغاز کیا لیکن گپٹل ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 19 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
گپٹل کے آؤٹ ہونے کے بعد نکولس اور ولیمسن نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم 103 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن 30 رنز بناکر پلنکٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد نکولس نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی تاہم وہ بھی 118 کے مجموعی اسکور پر پلنکٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے، انہوں نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ روس ٹیلر بھی 14 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو ئے۔
ٹوم لیتھم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نکولس 55 اور لیتھم 47 رنزبناکر نمایاں رہے۔
انگلش ٹیم کے لیام پلنکٹ اور ووکس نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس جیت کر کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ یا بولنگ کا فیصلہ کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل تھا لیکن ہماری کوشش ہو گی کہ بڑا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجائیں، ہم نے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلا ہے اور پُرامید ہیں کہ جیت ہماری ہوگی۔
کیوی کپتان نے کہا کہ لارڈز کے گراؤنڈ میں ورلڈکپ کا فائنل کھیلنا مجھ سمیت پوری ٹیم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن کا ٹاس ہارنے پر کہنا تھا کہ وہ بالکل مایوس نہیں ہوئے ہیں۔
کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ آج جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا اور وہ اپنی ٹیم کے ہر کھلاڑی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پورے ٹورنامنٹ میں ٹف میچز کھیل چکے ہیں اور سیمی فائنل کا میچ بھی اس کی نشاندہی کرتا ہے تاہم ہم آج کا میچ ضرور جتنا چاہتے ہیں۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج لارڈز کے تاریخی میدان میں مدمقابل ہیں، جیت کسی کے بھی حصے میں آئے لیکن تاریخ ضرور رقم ہوگی کیوں کہ دونوں ہی ٹیمیں آج تک ورلڈکپ نہیں جیت سکی ہیں۔
ورلڈکپ کی انعامی رقم
ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ لارڈز میں فائنل کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ کا میلہ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ فائنل ہارنے والی ٹیم 20 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔ پاکستان ٹیم کو 3 لاکھ ڈالرز ملے ہیں۔ آئی سی سی نے ورلڈکپ کیلئے ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہوا ہے۔