برمنگھم: ورلڈکپ کے 25 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
جنوبی افریقا کے 242 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے آخری اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
دونوں ٹیموں کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے آمنے سامنے ہونا تھا لیکن بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہو گیا اور امپائرز کی جانب سے میچ کو 49 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے کیا لیکن ڈی کوک ابتداء میں ہی 5 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔
پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ 111 رنز کے مجموعی اسکور پر ہاشم آملہ بھی 55 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
اہم وکٹیں گنوانے کے بعد وین ڈر ڈوسن، مارکرام اور ڈیوڈ ملر نے بلیک کیپس کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی تاہم مقررہ 49 اوورز میں پروٹیز 6 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنا سکے۔
پروٹیز کی جانب سے ڈوسن 67 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ ہاشم آملہ نے 55، مارکرام نے 38 اور ملر نے 36 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فیروگسن نے 3، ٹرینٹ بولٹ، گرینڈ ہوم اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے آغاز کیا لیکن ابتداء میں ہی کیویز کو نقصان اٹھانا پڑا اور منرو 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
گپٹل بھی 35 رنز بناکر فیلکووائیو کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوگئے جب کہ ٹیلر اور لیتھم ایک ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔
جیمز نیشم 23 رنز بناکر مورس کا شکار بنے، اس کے بعد ولیم سن اور گرینڈ ہوم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور چھٹی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت بناکر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے اختتام سے 2 اوورز قبل گرینڈ ہوم 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا۔
آخری اوور میں 6 گیندوں پر 8 رنز درکار تھے، پہلی گیند پر سینٹنر نے ایک رن لیا جس کے بعد ولیم سن نے چھکا لگا کر میچ برابر کیا اور شاندار سنچری بھی بنائی، اگلی گیند پر ولیم سن نے چوکا لگاکر نیوزی لینڈ کو کامیابی دلائی۔
کیویز نے ہدف مقررہ 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور 4 وکٹوں سے پروٹیز کو شکست دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم سن 106 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ گرینڈ ہوم 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پروٹیز کی جانب سے مورس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔