لاہور:
تفصیلات کے مطابق آئندہ برس پاکستان سپر لیگ کا بروقت انعقاد خطرے میں پڑ گیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے مسائل کے پیش نظر انعقاد ممکن نظر نہیں آرہا،اگر آسٹریلوی حکومت نے ستمبر کے وسط میں سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کر بھی لیا تب بھی16 ملکوں سے ٹیموں کی آمد، بائیو سیکیور ماحول میں نقل و حمل اور قیام و طعام کی سہولیات کا انتظام انتہائی مشکل ہوگا،اس صورتحال میں امکان یہی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کردیا جائے، نئی ممکنہ ونڈو کے طور پر فروری، مارچ کو دیکھا جا رہا ہے۔
آسٹریلیا کے ساتھ کورونا فری نیوزی لینڈ کو بھی آئی سی سی ایونٹ کا میزبان بنائے جانے کا آپشن موجود ہے، کیویز کے دیس میں ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ بھی فروری، مارچ میں ہی شیڈول ہے، مینز ایونٹ کا فیصلہ ہونے پر اس کی قربانی دینا پڑے گی، شیڈول آئندہ سال ہونے والی پی ایس ایل6 سے بھی متصادم ہوگا۔