واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلیکشن ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔
صارفین کے لیے فیس بک کی زیرملکیت اس ایپ میں مسلسل نت نئے فیچرز سامنے آتے رہتے ہیں، جو عام صارفین تک پہنچنے سے قبل بیٹا ٹیسٹرز کو دستیاب ہوتے ہیں۔
اب واٹس ایپ نے طویل عرصے بعد چیٹ ونڈو میں ایک بڑی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo نے اینڈرائیڈ ورژن کے نئے بیٹا ورژن میں اس تبدیلی کو دریافت کیا۔
یہ فیچر اس وقت آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے اور ممکنہ طور پر بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اینڈرائیڈ کے 2.21.5.4 بیٹا ورژن میں یہ نیا فیچر سامنے آیا۔
اس فیچر سے چیٹ ونڈو میں میڈیا بھیجنے کے انداز کو ری ڈیزائن کیا جارہا ہے، یعنی وہ سیکشن جہاں آپ کسی میسج کے لیے تصویر یا ویڈیو وغیرہ اپ لوڈ کرتے ہیں۔
رپورٹ میں نئے اور پرانے یوزر انٹرفیس کے درمیان فرق کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا۔
اس اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے دونوں میں کتنا فرق ہے اور بائیں جانب پلس کے نشان کی جگہ تصویر کا آئیکون لے گا جبکہ چیٹ ٹیب میں ہلکے گرے رنگ کا بیک گراؤنڈ نمایاں ہوگا۔
رپورٹ میں واٹس ایپ کے ایک اور نئے فیچر ریڈ لیٹر کا حوالہ بھی دیا ہے جسے اب آرکائیوڈ چیٹس کا نام دیا جارہا ہے۔
اس وقت واٹس ایپ میں اگر کسی چیٹ کو آرکائیو میں منتقل کردیا جائے تو وہ نئے میسج آنے پر پھر مین فیڈ پر نمودار ہوجاتی ہے۔
اس نئے فیچر کے تحت جب چیٹ کو آرکائیو میں منتقل کیا جائے گا تو نئے میسج آنے پر بھی وہ چیٹ آرکائیو میں رہے گی۔
یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا ابھی یہ کہنا مشکل ہے۔