دنیا کی سب سے بڑی مسیجنگ ایپلی کیشن واٹس کی 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کو 6 گھنٹے کی بندش کے بعد دوسری مسیجنگ ایپس کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا گیا اور ٹیلی گرام کو 70 لاکھ نئے صارفین ملے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ٹیلی گرام کے چیف ایگزیکٹو افسر ’سی ای او‘ نے دعویٰ کیا کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی 6 گھنٹے کی بندش سے انہیں فائدہ ہوا۔
ٹیلی گرام کے سی ای او کے مطابق تاریخ میں پہلی بار ان کی ایپ کو اتنے زیادہ صارفین نے جوائن کیا۔
چیف ایگزیکٹو افسر کے مطابق 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کو واٹس ایپ کی بندش کے بعد ان کی ایپ کو 70 لاکھ نئے افراد نے جوان کیا جو کہ ایک منفرد ریکارڈ بھی ہے۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ بیک وقت بہت سارے نئے صارفین کی جانب سے ایپ جوائن کرنے کی وجہ سے امریکا میں ٹیلی گرام کی سروس کچھ سست بھی ہوئی تھی۔
واٹس ایپ کی بندش کے بعد ٹیلی گرام کو سب سے زیادہ امریکی عوام نے جوائن کیا، تاہم دنیا کے دیگر خطوں میں بھی مذکورہ ایپ پر نئے لوگ آئے۔
ادھر ٹیک کرنچ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مسیجنگ ایپ سگنل کی انتظامیہ نے بھی دعویٰ کیا کہ واٹس ایپ کی بندش کے بعد ان کے صارفین میں لاکھوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، تاہم انہوں نے واضح تعداد نہیں بتائی۔
سگنل اور ٹیلی گرام دونوں ایپس واٹس ایپ کی ٹکر کی ہیں، تاہم وہ فیس بک کی ذیلی ایپ سے کہیں پیچھے ہیں۔
سگنل اور ٹیلی گرام کے حالیہ صارفین میں اضافے سے قبل دونوں ایپس کی مقبولیت رواں برس اس وقت بڑھ گئی تھی جب کہ واٹس ایپ نے سال کے آغاز میں پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔
واٹس ایپ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اور مقبول مسیجنگ ایپ ہے، جسے ایک ارب سے زیادہ لوگ استعمال کرتے ہیں۔