واٹس ایپ کا وہ نیا فیچر جس کا علم تمام گروپ صارفین کو ہونا چاہیے


واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل پلیٹ فارم کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام جاری رہتا ہے اور یہ پہلے ہی معلوم ہوچکا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایک اکاؤنٹ بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرنے کے فیچر پر کام کیا جارہا ہے۔

مگر اب ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیس بک کی زیرملکیت میسجنگ اپلیکشن کی جانب سے ایک اور فیچر پر کام کیا جارہا ہے جو واٹس ایپ گروپس کے صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوسکے گا۔

واٹس ایپ اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ میسجنگ ایپ کی جانب سے میوٹ آل ویز نامی نئے فیچر پر کام کیا جارہا ہے۔

اس فیچر کی بدولت صارفین کسی بھی گروپ کے نوٹیفکیشن کو ہمیشہ کے لیے بلاک کرسکیں گے۔

اس وقت واٹس ایپ کی جانب سے کسی گروپ کے مسلسل نوٹیفکیشن سے پریشان صارفین کو 3 آپشنز دیئے جاتے ہیں، یعنی نوٹیفکیشن کو 8 گھنٹے، ایک ہفتے یا ایک سال کے لیے میوٹ کیا جاسکتا ہے۔

مگر اب کمپنی اس کو بہتر کررہی ہے جس کی مدد سے صارفین گروپ چیٹ نوٹیفکیشن کو غیرمعینہ مدت کے لیے بلاک کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک سال والے آپشن کو میوٹ آل ویز بٹن سے بدلنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ صارفین غیر ضروری گروپ نوٹیفکیشن سے ہمیشہ کے لیے نجات پاسکیں یا اس وقت تک دور رکھ سکیں جب تک وہ ایک بار پھر اس کے متحرک رکن بننے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔

یہ فیچر اس وقت تیاری کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.20.197.3 میں موجود ہے۔

اگر آپ بیٹا یوزر ہیں تو اس ورژن کو ڈاؤن لوڈ کرکے اس فیچر کی آزمائش کرسکتے ہیں۔

ویسے اگر آپ لوگوں کی جانب سے واٹس ایپ گروپس میں ایڈ کیے جانے پر پریشان ہیں تو گروپ پرائیویسی سیٹنگز میں ایک فیچر کو ان ایبل کرکے طے کرسکتے ہیں کہ صرف مخصوص افراد ہی کسی نئے گروپ میں آپ کو ایڈ کرسکیں۔

اس فیچر کو ان ایبل کرنے پر صارفین کو کسی گروپ کے لیے دعوت نامہ ملے گا اور انہیں براہ راست ایڈ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ اوپن کرکے سیٹنگز میں جائیں، وہاں اکاؤنٹ اور پھر پرائیویسی آپشن میں گروپس میں جائیں اور وہاں ایوری ون، مائی کانٹیکٹس یا مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ میں سے کسی ایک آپشن کا انتخاب کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں