واٹس ایپ کا رواں سال کا بڑا فیچر آخرکار متعارف


واٹس ایپ نے رواں ہفتے ہی صارفین کے لیے درد سر بننے والے اسٹوریج کی صفائی کے لیے ایک فیچر متعارف کرایا تھا۔

مگر اب کمپنی نے رواں سال کا ایک بڑا فیچر متعارف کرادیا ہے جس پر کافی عرصے سے کام ہورہا تھا اور یہ دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ اپلیکشن میں پہلی بار پیش کیا جارہا ہے۔

یہ فیچر اسنیپ چیٹ میں موجود فیچر سے ملتا جلتا ہے جسے بعد میں انسٹاگرام نے بھی کاپی کرلیا تھا، واٹس ایپ میں بھی اس فیچر کے تحت میسجز ایک مخصوص وقت پر غائب ہوجائیں گے۔

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ اس وقت واٹس ایپ پیغامات فون پر میں ہمیشہ موجود رہتے ہیں (اگر ان کو خود صاف نہ کیا جائے)، جو پیاروں کی یادوں کو اپنے پاس رکھنے کا اچھا ذریعہ ہے، مگر بیشتر مواد کو ہمیشہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے یہ نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جسے ڈی اپیئرنگ میسجز کا نام دیا گیا ہے۔

جب اس فیچر کو ٹرن آن کیا جائے گا تو کسی چیٹ میں نئے پیغامات 7 دن بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس سے بات چیت زیادہ پرائیویٹ محسوس ہوگی، خاص طور پر انفرادی چیٹ میں، گروپس میں یہ کنٹرول ایڈمن کے پاس ہوگا۔

اسنیپ چیٹ اور دیگر ایپس میں اس طرح کے فیچر میں پیغامات فوری طور پر اس وقت غائب ہوجاتے ہیں، جب انہیں ایک بار دیکھ لیا جاتا ہے۔

مگر واٹس ایپ پہلی ایسی اپلیکشن ہے جس میں پورا ایک ہفتے کا وقت دیا جارہا ہے۔

تاہم فیس بک کی زیرملکیت کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ اس فیچر پر نظر رکھے گی اور بتدریج اس دورانیے کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

یہ فیچر اسی وقت استعمال کیا جاسکے گا جب اسے سیٹنگز میں جاکر ٹرن آن کیا جائے گا اور ماضی کے پیغامات پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اس مقصد کے لیے واٹس ایپ کو اوپن کرکے کانٹیکٹ نام کو دبا کر رکھیں تو ڈی اپیئرنگ میسجز کا آپشن آجاتا ہے، جہاں اس کو ٹرن آن کیا جاسکتا ہے۔

واٹس ایپ کے ترجمان کے مطابق ہم نے 7 دن سے اس لیے آغاز کیا ہے کیونکہ ہمارے خیال میں اس سے لوگوں کو اس خیال سے مطابقت پیدا کرنے کا وقت ملے گا کہ اب میسجز مستقل نہیں۔

اس فیچر میں صرف تحریری پیغامات نہیں بلکہ تصاویر اور ویڈیوز بھی 7 دن بعد غائب ہوجائیں گی، ایسا بھیجنے اور موصول کرنے والے کے ساتھ ہوگا، تاہم اسکرین شاٹ یا میسجز کو کاپی کرنا ممکن ہوگا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر 5 نومبر سے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور رواں ماہ کے دوران تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

واٹس ایپ میں اس فیچر پر گزشتہ سال سے کام ہورہا تھا۔

گزشتہ سال جب یہ بیٹا ورژن میں نظر آیا تھا تو اس وقت یہ صرف گروپ چیٹ میں دستیاب تھا اور اس میں پیغام 5 سیکنڈ یا ایک گھنٹے بعد ڈیلیٹ ہوجاتا۔

ٹیلیگرام نے یہ فیچر اپنی ایپ میں پہلے ہی متعارف کرا دیا ہے اور اب فیس بک اسے اپنی مقبول ترین میسجنگ ایپ میں اسے پیش کرنے والی ہے۔

ٹیلیگرام میں اس طرح کے فیچر میں جو پیغامات بھیجے جاتے ہیں، وہ دیگر صارفین فارورڈ نہیں کرسکتے اور نہ ہی اس کا اسکرین شاٹ بھی نہیں لے سکتے۔


اپنا تبصرہ لکھیں