واٹس ایپ پر پہلی بار آن لائن خریداری کا آپشن

واٹس ایپ پر پہلی بار آن لائن خریداری کا آپشن


دنیا کی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ یوں تو کافی عرصے سے آن لائن خریداری کے فیچر متعارف کرانے کی جستجو میں تھی، تاہم اب ایپلی کیشن نے آن لائن خریداری کا فیچر متعارف کرادیا۔

واٹس ایپ کی مالک کمپنی ’میٹا‘ کے بانی و فیس بک سربراہ مارک زکربرگ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں تصدیق کی کہ واٹس ایپ نے آن لائن خریداری کا آپشن متعارف کرادیا۔

مارک زکربرگ کے مطابق واٹس ایپ نے ابتدائی طور پر آن لائن خریداری کا آپشن صرف بھارت میں متعارف کرایا ہے، جہاں لوگ گھر بیٹھے واٹس ایپ پر آن لائن اسٹور ’جیو مارٹ‘ سے خریداری کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’جیو مارٹ‘ سے خریداری انتہائی آسان طریقے یعنی چیٹ باکس کے ذریعے کی جا سکے گی اور یہ آپشن فی الحال صرف بھارت میں ہی دستیاب ہے۔

ان کے مطابق خریدار اور اسٹور ملازمین کے درمیان ہونے والی چیٹ ’اینڈ ٹو اینڈ‘ ہوگی، یعنی اس پر کسی تیسری پارٹی کو رسائی حاصل نہیں ہوگی، یوں سمجھ لیں کہ مذکورہ چیٹ تک واٹس ایپ انتظامیہ کو بھی رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

’جیو مارٹ‘ بھارت کا سب سا بڑا ریٹیلر اسٹور ہے اور اس کمپنی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دیگر بھی کئی منصوبے ہیں، یہی کمپنی بھارت کی سب سے بڑی فون سروس کمپنی بھی ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے آن لائن خریداری کا مذکورہ آپشن پہلا آفیشل آپشن ہے، اس سے قبل اگرچہ چھوٹے موٹے کاروباری حضرات واٹس ایپ کے ذریعے آن لائن کاروبار کرتے ہیں مگر وہ آفیشل فیچر کے تحت نہیں ہوگا بلکہ وہ عام چیٹنگ فیچر کے تحت ہی ہوتا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے بھارت میں پہلی بار آن لائن خریداری کے فیچر کو متعارف کرائے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ کمپنی اگلے مرحلے میں مذکورہ فیچر کو دیگر ممالک میں بھی متعارف کرائے گی۔

اس فیچر کے تحت بزنس چیٹ کا ایک نیا آپشن متعارف کرایا گیا ہے، جس میں بھارت کے صرف ایک ہی اسٹور ’جیو مارٹ‘ کو رسائی دی گئی ہے اور بھارتی صارفین اپنے موبائل نمبر سے براہ راست مذکورہ چیٹ پر جاکر کوئی بھی چیز خرید سکتے ہیں اور واٹس ایپ چیٹ کے ذریعے ہی آن لائن پیمنٹ کرسکیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں