دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سوشل میڈیا ایپلی کیشن ’واٹس ایپ‘ صارفین کے موبائل فون نمبر کی پرائیویسی کے لیے ایک اور زبردست فیچر جلد متعارف کروانے جارہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے صارفین کی سیکیورٹی کو مزید محفوظ رکھنے کے لیے ایک اور نیا فیچر جلد متعارف ہوگا۔
اگر آپ کسی دوسرے صارف کو پیغام بھیجنا چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ آپ کا نمبر اس صارف تک نہ پہنچے تو اس کے لیے جلد ہی نیا فیچر سامنے آنے والا ہے۔
اگر کوئی نامعلوم شخص ہمیں واٹس ایپ پر پیغام بھیجتا ہے تو واٹس ایپ کے چیٹ باکس پر ہمیں اس کے نام کے بجائے صرف نمبر ظاہر ہوتا ہے، اس شخص کی شناخت کے بعد ہی ہم نمبر کو نام کے ساتھ سیو (save) کرتے ہیں اور بعض اوقات کچھ لوگ کام سے متعلق کسی نامعلوم صارف سے رابطہ کرنے پر گھبراتے ہیں کہ شاید ان کے موبائل نمبر کا غلط استعمال نہ ہو۔
اب جلد ہی آپ کی یہ پریشانی دور ہونے والی ہے۔
واٹس ایپ کی ویب سائٹ کے مطابق اگر آپ ایسے شخص کو پیغام بھیجنے والے ہیں جن کے موبائل میں آپ کا نمبر سیو نہیں تو آپ کا پیغام اس نامعلوم شخص کے موبائل پر پہنچنے پر اسکرین پر صرف آپ کا user name ظاہر ہوگا اور آپ کا موبائل فون نمبر ظاہر نہیں ہوگا۔
اگر دوسرے الفاظ میں بات کی جائے تو اس کا مطلب نامعلوم شخص کا واٹس ایپ میسج آنے پر اس کا نمبر ظاہر ہونے کے بجائے صرف نام ظاہر ہوگا، یعنی آپ اس شخص کا نمبر نہ کسی کو فارورڈ کرسکتے ہیں اور نہ آپ خود جان سکتے ہیں، میسج کا رپلائی کرنے پر آپ کا موبائل فون نمبر بھی اس دوسرے صارف کو ظاہر نہیں ہوسکے گا۔
اس نئے فیچر کی مدد سے موبائل فون نمبر کی پرائیویسی برقرار رہے گی اور صارف کا نمبر بلاضرورت کسی دوسرے شخص کو معلوم نہیں ہوسکے گا۔
چونکہ اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے اس لیے ابھی اسے متعارف نہیں کروایا گیا۔
فیچر متعارف ہونے کے بعد صارف اپنےموبائل نمبر پھیلنے کے خطرے کے بغیر کسی بھی شخص سے رابطہ کرسکتے ہیں اور بزنس مین کے علاوہ دیگر سے باآسانی پرائیویٹ رابطہ کرسکتے ہیں۔