واٹس ایپ ویب ورژن میں فنگرپرنٹ سے لاگ ان ہونے کے فیچر پر کام جاری


بہت جلد آپ واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں صرف اپنے فنگرپرنٹ کی مدد سے لاگ ان ہوسکیں گے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ فیس بک کی زیرملکیت کمپنی کی جانب سے نئی اینڈرائیڈ بیٹا ایپ میں فنگر پرنٹ لاگ ان سسٹم پر کام کیا گیا ہے۔

یہ فیچر کیو آر کوڈ انٹرفیس سے ملتا جلتا ہے جو اس وقت صارفین واٹس ایپ کے ویب ورژن میں لاگ ان کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

مگر یہ نیا فیچر کیو آر کوڈ کے مقابلے میں سہولت فراہم کرے گا خاص طور پر ان افراد کے لیے جو واٹس ایپ ویب کو اکثر استعمال کرتے ہیں۔

اس فیچر کی بدولت انہیں بار بار فون اٹھا کر اپنے کیمرے سے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

تاہہم ویب ورژن میں سائن ان ہونے کے لیے فون ضرور استعمال کرنا ہوگا مگر کوڈ اسکیننگ کی بجائے فنگرپرنٹ سے کام چل جائے گا۔

یہ زیادہ محفوظ بھی ہے کیونکہ کیو آر کوڈ اسکیننگ کو کوئی بھی اس وقت استعمال کرسکتا ہے جب آپ کا فون اس کے ہاتھ میں ہو۔

فوٹو بشکریہ WABetaInfo
فوٹو بشکریہ WABetaInfo

کچھ عرصے پہلے یہ افواہیں سامنے آئی تھیں کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک اپ ڈیٹ پر کام کیا جارہا ہے تاکہ صارفین ویب ایپ کو فون کے بغیر استعمال کرسکیں۔

تاہم اس فیچر پر بظاہر ابھی تک کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوسکی جبکہ کمپنی کی جانب سے ایک اور فیچر پر بھی کام کیا جارہا ہے جو صارفین کو ایک اکاؤنٹ کئی ڈیوائسز میں بیک وقت استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

جولائی میں ایک رپورٹ میں WABetaInfo نے بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک اکاؤنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر کام کرنے میں مدد دینے والے فیچر کو اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.20.196.8 کا حصہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس بیٹا ورژن میں ایک اکاؤنٹ مختلف ڈیوائسز میں بیک وقت لاگ ان سپورٹ کا کوڈ موجود ہے اور اسے لنکڈ ڈیوائسز کا نام دیا گیا ہے۔

اس نئے فیچر سے صارفین کو دیگر ڈیوائسز سے لاگ آؤٹ ہوئے بغیر اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر لاگ ان ہونے کی سہولت ملے گی۔

ایسا مانا جارہا ہے کہ یہ فیچر بیک وقت 4 ڈیوائسز میں اکاؤنٹ کو لاگ ان ہونے میں مدد فراہم کرے گا اور یہ ایپ کے اوپری دائیں کونے میں تھری ڈاٹس کے ذریعے استعمال کیا جاسکے گا۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں ہے یعنی تیاری کے مراحل سے گزر رہا ہے اور عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔

ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اس فیچر کو کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے، اس میں چند دن یا مہینے بھی لگ سکتے ہیں۔

بیٹا ورژن میں فیچر کی آزمائش کے بعد اسے متعدد تبدیلیوں کے ساتھ عام صارفین کے لیے جاری کیے جانے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت صارف صرف ایک موبائل فون میں لاگ ان ہوسکتا ہے اور کمپیوٹر ویب براؤز پر ویب ورژن پر استعمال کرسکتا ہے مگر اس کے لیے موبائل ڈیوائس کا قریب ہونا ضروری ہے۔

اگر صارف کسی دوسرے فون میں اپنا اکاؤنٹ استعمال کرنا چاہے تو نئے سرے سے سائن ان کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔

متعدد ڈیوائسز کی سپورٹ کے فیچر کے بارے میں سب سے پہلے گزشتہ سال جولائی میں خبر سامنے آئی تھی اور WABetainfo نے اس وقت بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں