واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن میں فنگرپرنٹ یا فیس لاک سے لاگ ان ہونے کے فیچر پر گزشتہ سال سے کام جاری تھا۔
اب فیس بک کی زیرملکیت کمپنی نے یہ فیچر صارفین کے لیے متعارف کرادیا ہے۔
کمپیوٹر یا ویب پر واٹس ایپ اکاؤنٹ میں اب بائیومیٹرک انفارمیشن کے ذریعے بھی لاگ ان ہونا ممکن ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے تحفظ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ کوئی اور آپ کے اکاؤنٹ بغیر اجازت اوپن نہ کرسکے۔
بس اسمارٹ فون میں فنگرپرنٹ اسکینر یا فیس لاک کا ہونا ضروری ہے۔
ایسے فون کے صارفین سے ویب ورژن استعمال کرنے پر واٹس ایپ سے پوچھا جائے گا کہ وہ بائیومیٹرک پراسیس کو اپنے اکاؤنٹ سے لنک کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
سروس کی جانب سے شناخت کی تصدیق کے بعد فون سے ایک کیو آر کوڈ کو اسکین کرنا ہوگا۔
یہ نیا بائیومیٹرک تصدیق کا فیچر بائی ڈیفالٹ ایکٹیو ہوگا اور بس اسی وقت کام نہیں کرے گا جب صارف کی جانب سے فون میں فیس یا فنگرپرنٹ ان لاک کو مکمل سوئچ آف کیا گیا ہو۔
یہ نیا فیچر کیو آر کوڈ کے مقابلے میں سہولت فراہم کرے گا خاص طور پر ان افراد کے لیے جو واٹس ایپ ویب کو اکثر استعمال کرتے ہیں۔
اس فیچر کی بدولت انہیں بار بار فون اٹھا کر اپنے کیمرے سے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
واٹس ایپ نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسے صارفین کے بائیومیٹرکس ڈیٹا تک رسائی نہیں ہوگی اور تصدیق عمل فون کے آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے ہوگا۔
واٹس ایپ کی جانب سے ویب ورژن پر کام کام کیا جارہا ہے اور حال ہی میں ویب ورژن اور ڈیسک ٹاپ ورژن پر وائس و ویڈیو کال کا فیچر بیٹا ورژن کا حصہ بنایا گیا تھا۔
بیٹا ورژن میں دستیابی کے بعد امید ہے کہ یہ فیچر بھی جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
یہ فیچر ان صارفین کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کے ویب ورژن کو زیادہ استعمال کرتے ہیں۔