واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔
مگر واٹس ایپ کے صارفین کو اکثر ایک مسئلے کا سامنا ہوتا ہے اور وہ ہے فون کی اسٹوریج اسپیس بھرجانا، جو اس اپلیکشن میں دوستوں اور کانٹیکٹس کی جانب سے بھیجی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر کا نتیجہ ہوتا ہے۔
مگر اب واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.20.201.9 میں پہلی ایسا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو صارفین کے لیے اپنی اسٹوریج کا انتظام آسان بنادے گا۔
اس اپ ڈیٹ میں متعدد نئے فیچرز ایک فیچر کے تحت ہوں گے جیسے اسٹوریج بار کا اضافہ ہوگا جو واٹس ایپ ویڈیوز اور تصاویر کے اسٹوریج اسپیس کی تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔
اسی طرح صارف کو یہ علم ہوگا کہ اسے کتنی بڑی دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہوئی ہیں۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والے سائٹ WAbetainfo کے مطابق یہ فیچر فی الحال مخصوص بٹیا صارفین کو دستیاب ہے اور بہت جلد تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
اس فیچر کی تصدیق واٹس ایپ نے گزشتہ ہفتے کی تھی تاہم سائٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین کو ایپ کی اسٹوریج کسٹمائزر کرنے میں مدد ملے گی اور وہ ہر قسم کی میڈیا فائلز بشمول فارورڈڈ فائلز کا ڈیٹا دیکھ سکیں گے۔
یہ نیا فیچر واٹس ایپ سیٹنگز میں ڈیٹا اینڈ اسٹوریج یوزایج سیکشن میں چھپا ہوگا اور وہاں وہ کلین اپ آپشن سے فون کی میموری خالی کرسکیں گے۔
یعنی صارف دیکھ سکے گا کہ کسی فائل کا حجم کتنا ہے اور اس کے لیے بڑی فائلز کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ آسان ہوگا جبکہ ڈیلیٹنگ میڈیا فرام واٹس ایپ کے آپشن سے تمام فائلز کو فون سے اڑانا ممکن ہوگا۔
یہ فیچر تمام چیٹس اور گروپ کی فہرستیں بھی ان کے اسٹوریج کے مطابق بنائے گا اور صارف کے لیے گروپس یا انفرادی چیٹس کو سرچ کرنا بھی آسان ہوگا۔
واٹس ایپ نے اس فیچر کی تصدیق تو کی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوسکتا ہے۔
یہ نیا ٹول اس پرانے کے فیچر کے ساتھ ہی ہوگا جس سے صارفین کو معلوم ہوتا ہے کہ ہر چیٹ نے اسٹوریج پر کتنی جگہ پر قبضہ کیا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے متعدد نئے فیچرز بیٹا ورژن میں آزمائے جارہے ہیں جن میں سے ایک ملٹی ڈیوائس لاگ ان سپورٹ بھی ہے، جس کا انتظار لوگ عرصے سے کررہے ہیں، کیونکہ اس سے کئی ڈیوائسز پر اکاؤنٹ کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔