واٹس ایپ نے گزشتہ ماہ ڈارک موڈ فیچر کو اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں متعارف کرادیا تھا جس کا وعدہ اس نے 2018 میں کیا تھا اور صارفین کو بھی اس کا شدت سے انتظار ہے۔
اور اب ڈارک موڈ کے حوالے سے واٹس ایپ میں ایک اور اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اس میں ڈارک سولڈ وال پیپرز کا اضافہ کردیا گیا ہے جو کہ ابھی تمام صارفین کو دستیاب ہے۔
یہ بات واٹس ایپ میں اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo نے ایک رپورٹ میں بتائی۔
اس اپ ڈیٹ سے صارفین چیٹ وال پیپرز میں 6 نئے ڈارک رنگوں کو وال پیپر کے طور پر استعمال کرسکیں گے۔
اس نئے اضافے سے ڈارک موڈ کو زیادہ بہتر بنانے میں مدد مل سکے گی کیونکہ اگر ڈارک موڈ کے ساتھ ہلکے رنگوں کے وال پیپر ان ایبل ہوں تو اسکرین کی روشنی برائٹ ہی رہتی ہے اور ڈارک تھیم کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
گہرے رنگوں کے وال پیپرز سے ڈارک موڈ میں واٹس ایپ چیٹس زیادہ بہتر نظر آئیں گی۔
ویسے تو یہ فیچر اب بھی تمام صارفین کو دستیاب ہے مگر اس میں یہ نئے 6 گہرے رنگ موجود نہیں۔
مثال کے طور پر واٹس ایپ وال پیپر کے نئے کلر آپشنز کے لیے سیٹنگز میں جاکر چیٹس اور وہاں چیٹ وال پیپر اور پھر سولڈ کلرز میں جاکر آپ اپنے وال پیپر کا رنگ منتخب کرسکتے ہیں یا اپنی پسند کی تصویر استعمال کرسکتے ہیں۔
جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ ڈارک موڈ سیٹنگ اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں موجود ہے۔
اس فیچر کی بدولت صارفین کو لائٹ یا ڈارک تھیم کو منتخب کرنے کا موقع ملے گا جبکہ سسٹم ڈیفالٹ تھیم سے بھی ایسا ممکن ہوسکے گا اگر اینڈرائیڈ 9 یا اس کے بعد کا آپریٹنگ سسٹم والا فون استعمال کررہے ہوں تو۔
یہ آپشن بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین سیٹنگز میں جاکر چیٹس اور وہاں تھیمز میں دیکھ سکتے ہیں۔
اس آپشن کو استعمال کرنے کے لیے اینڈرائیڈ صارفین کو واٹس ایپ کا نیا بیٹا ورژن (2.20.13) درکار ہوگا اور یہ بھی اسی وقت ممکن ہے جب آپ بیٹا ٹیسٹر کے طور پر سائن اپ ہوچکے ہوں (اس وقت واٹس ایپ مزید بیٹا ٹیسٹرز کو قبول نہیں کررہی)۔
ڈارک موڈ وہ فیچر ہے جس کا وعدہ واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی فیس بک نے 2018 میں کیا تھا اور جب سے ہی اس کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے۔
ابھی بیٹاورژن میں ڈارک تھیم مکمل طور پر بلیک نہیں بلکہ یہ ڈارک گرے رنگ میں ہوگی۔
اس سے قبل ڈارک موڈ کو یوٹیوب، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور میسنجر سمیت متعدد ایپلیکشنز میں پیش کیا جاچکا ہے مگر فیس بک کی مرکزی ایپ میں تاحال اس آپشن کو متعارف نہیں کرایا گیا۔