وانی کپور کی فواد خان کیساتھ آنیوالی فلم پر خاموشی برقرار

وانی کپور کی فواد خان کیساتھ آنیوالی فلم پر خاموشی برقرار


بالی ووڈ کی معروف اداکارہ وانی کپور نے پاکستانی سُپر اسٹار اداکار فواد خان کے ساتھ نئی فلم پر کام کے حوالے سے خاموشی برقرار رکھتے ہوئے ان کے اداکاری کی خوب تعریف کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی والدہ کے ساتھ فواد خان کے ڈرامے آن لائن دیکھا کرتی تھی، مجھے ان کا کام بہت پسند ہے۔

حال ہی میں بھارتی اداکارہ نے بی بی سی ایشیاء کو انٹرویو دیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے آنے والی مختلف پروجیکٹس کے حوالے سے بات کی۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے کچھ عرصہ قبل دعویٰ کیا تھا کہ وانی کپور جلد فواد خان کے ساتھ فلم میں مرکزی کردار نبھاتی ہوئی دکھائی دیں گی۔

دورانِ انٹرویو وانی کپور نے فواد خان کے مدِمقابل ممکنہ فلم کے بارے میں گردشی افواہوں پر تو کوئی بات نہیں کی لیکن میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے خود کو فواد خان کے کام کا مداح قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر ان کے شوز دیکھے ہیں، مجھے ان کا کام بہت پسند ہے، پہلے جب مجھے وقت ملتا تھا تو میں اپنی والدہ کے ساتھ فواد خان کے ڈرامے دیکھا کرتی تھی۔

اداکارہ نے پاکستانی فنکار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان سے محبت ہے، مجھے لگتا ہے کہ بھارتی ناظرین بھی ان سے بہت محبت کرتے ہیں، وہ جیسے فنکار ہیں، ان کا جو کام ہے، وہ بہت زیادہ ٹیلنٹڈ آرٹسٹ ہیں۔

وانی کپور نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ایک آرٹسٹ کو اس کام کے حوالے سے دیکھنا چاہیے، اگر میں ایک آرٹسٹ کی حیثیٹ سے ان کے کام کو انفرادی طور پر دیکھوں تو میں ان کی تعریف کروں گی اور مجھے لگتا ہے کہ ہمیں ایک آرٹسٹ کو دیگر تمام چیزوں سے ہٹ کر (دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات سے قطعِ نظر) دیکھنا چاہیے اور میں ان کا احترام کرتی ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں