ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ڈانسر ملائکہ اروڑا نے اپنے والد انیل مہتا کی خودکشی کے بعد پولیس کو بیان ریکارڈ کروا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملائکہ اروڑا کے والد انیل مہتا نے 11 ستمبر کی صبح اپنے اپارٹمنٹ کی چھٹی منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کی جبکہ گزشتہ روز ممبئی میں اُن کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
ملائکہ اروڑا اور اُن کی بہن امریتا کے مطابق اُن کے والد نے خودکشی سے چند لمحے قبل اُنہیں فون کال کی تھی اور کہا تھا کہ وہ بیمار ہیں اور زندگی سے تھک گئے ہیں۔یہ الفاظ کہنے کے بعد، انیل مہتا نے فون کال بند کردی تھی اور اس کے چند گھنٹے بعد ہی ملائکہ اور امریتا کو اطلاع ملی کہ اُن کے والد نے خودکشی کرلی ہے۔
ممبئی پولیس خودکشی کے پیچھے کی وجوہات جاننے کے لیے ہر پہلو سے تفتیش کررہی ہے، اسی تفتیش کے دوران پولیس نے ملائکہ اروڑا، امریتا اور اُن کی والدہ کے بیانات ریکارڈ کیے۔
ملائکہ اروڑا اور امریتا نے پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے بیان میں کہا کہ والد کی آخری کال کے بعد، جب اُنہوں نے والد کو سمجھانے کی کوشش کی تو اُنہوں نے اپنا فون بند کر دیا تھا اور پھر کچھ دیر بعد ہی خودکشی کی اطلاع آگئی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس اب انیل مہتا کے ڈاکٹر اور خاندان کے دیگر افراد کے بیان بھی ریکارڈ کرے گی۔
واضح رہے کہ انیل مہتا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی آگئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ اُن کی موت اونچائی سے چھلانگ لگانے کے باعث جسم پر لگنے والی چوٹوں اور متعدد زخموں کی وجہ سے ہوئی جوکہ خودکشی کے زمرے میں ہی آتی ہے۔