وائٹ ہاؤس نے صدرٹرمپ کے ایمرجنسی لگانے کے حکم نامے کا ڈرافٹ تیار کرلیا


واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنوبی سرحد پر ایمرجنسی نافذ کرنے کے اعلان کا ڈرافٹ تیار کرلیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کا اپنی تازہ ترین رپورٹمیں کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی فوری تعمیر کے سلسلے میں کانگریس کی جانب سے فنڈز کی فراہمی سے مسلسل انکار کے بعد ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایمرجنسی کا اعلان کریں گے جس کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے اور ڈرافٹ کے مندرجات بھی سی این این نے حاصل کرلیے تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں کے درمیان ایمرجنسی سے متعلق مختلف آراء پائی جاتی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے کانگریس کو بائی پاس کرتے ہوئے متبادل منصوبے پر عملدرآمد کیے جانے کا امکان ہے۔

ایمرجنسی سے متعلق امریکی صدر کے حکم نامے کے ڈرافٹ کے مطابق روزانہ غیر قانونی طور پر تارکین کی بڑی تعداد امریکا میں داخل ہوتی ہے، جو براہ راست عوام کے تحفظ اور ملکی سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے جس کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کی جارہی ہے۔

ڈرافٹ کے متن کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود کو مخاطب کریں گے اور بتائیں گے کہ حکام نے انہیں ذاتی طور پر نیشنل ایمرجنسی ایکٹ سمیت ملک کے دیگر قوانین سے متعلق آگاہ کیا جس کے تحت میں جنوبی سرحدی علاقے میں قومی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتا ہوں۔

رپورٹ کے مطابق حکومت کے ذمہ دار شخص نے سی این این کو بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایمرجنسی کے اعلان کا ڈرافٹ گزشتہ ہفتے تیار کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے کانگریس سے 7 بلین ڈالر کے فنڈز کا تقاضہ کیا ہے تاہم کانگریس نے اسے مسترد کردیا جب کہ گزشتہ ایک ماہ سے جاری ملک میں شٹ ڈاؤن کے باعث تقریباً 8 لاکھ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں