کراچی: سینیئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی حکومت پر وائٹ پیپر جیرے بلیڈ کی جیب تراشی کے نقصانات پر تقریر جیسی بات ہے۔
پیپلز پارٹی کا مؤقف درست ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر مزید غیر محفوظ اور غیر مستحکم ہوگیا ہے، لیکن اس کی ذمہ دار صرف پی ٹی آئی حکومت نہیں پچھلی حکومتیں بھی ہیں۔
پیپلز پارٹی پہلے حقیقی معنوں میں اپوزیشن بنے اس کے بعد وائٹ پیپر جاری کرے البتہ سپریم کورٹ کا جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل پر فیصلہ نہیں بلکہ بہت اچھا تجزیہ ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو کے باوجود ان کے کیے گئے فیصلے واپس نہیں ہوں گے، جج خود صادق اور امین نہیں رہا تو اس کے فیصلے کیسے صادق اور امین رہ سکتے ہیں، ن لیگ جج ارشد ملک کی ویڈیو کو عدالت نہ لے جا کر بڑی غلطی کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، محمل سرفراز، ارشاد بھٹی، سلیم صافی اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے کیا۔
سوال میں میزبان نے پوچھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کردیا ساتھ ہی پاکستان عالمی سطح پر مزید غیر محفوظ اور غیر مستحکم ہوگیا، کیا پی پی کا یہ مؤقف ٹھیک ہے؟
ارشاد بھٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جیرے بلیڈ کی جیب تراشی کے نقصانات پر تقریر جیسی بات ہے۔ پیپلز پارٹی وفاق میں تین مرتبہ حکومت میں رہ چکی ہے سندھ میں مسلسل حکومت میں 12 سال ہوگئے ہیں، یہ سندھ میں ہی کچھ کر دکھائیں تو وائٹ پیپر پر ان کا ساتھ دینے کو تیار ہوں۔