نیپال میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ سے 66 افراد ہلاک


کھٹمنڈو: نیپال میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 66 افراد ہلاک اور 69 سے زائد شہری لاپتا ہوگئے ہیں اور سڑکوں سمیت دیگر املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیپال میں بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہیں بند ہیں اور ایئرپورٹس پر نظام معطل ہوگیا ہے۔

وزارت داخلہ کے عہدیدار دل کمار تمنگ نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ گزشتہ روز سے 69 افراد تاحال لاپتا ہیں اور 60 زخمی ہیں۔

حکام کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں کھٹمنڈو ویلی میں ہوئی ہے جہاں کی آبادی لگ بھگ 40 لاکھ افراد پر مشتمل ہے جہاں سیلاب نے ٹریفک اور نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔

010

امدادی کارکن ہیلی کاپٹرز اور ربڑ کی کشتیوں کی مدد سے گھروں کی چھتوں اور دیگر مقامات پر پھنسے ہوئے شہریوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں کھٹمنڈو کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ایک روز کے دوران 322.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہمالیائی خطے کے اکثر دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے اور کئی سڑکیں اور پل بھی اس کی لپیٹ میں آگئے ہیں اور مون سون کی سالانہ بارشوں سے پورا خطہ متاثر ہوگیا ہے۔

011

پولیس ترجمان ڈین بہادر کرکی نے کہا کہ پولیس ملبہ ہٹانے اور 28 مقامات پر لینڈ سلائیڈ سے بلاک ہونے والی شاہراہیں کھولنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ پڑوسی ملک بھارت میں بننے والے سلسلے کے باعث شدید تر ہوگیا ہے اور اتوار کی صبح تک مزید تیز بارش کا امکان ہے اور اس کے بعد موسم صاف ہوجائے گا۔

012

خیال رہے کہ رواں برس جون میں بھی بارشوں کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے نیپال میں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئی تھیں اور انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا تھا۔

حکام نے بتایا کہ جون کے وسط میں شروع ہونے والی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے سے اب تک 254 افراد ہلاک اور 65 سے زائد لاپتا ہوچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں