کھٹمنڈو:
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کے علاقے مہندر نگر میں ایک گھر کے پاس کھمبے پر کوئی مشکوک چیز بندھی ہوئی تھی جس پر اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس پارٹی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مشکوک چیز کا معائنہ کیا تو اسی دوران زوردار دھماکا ہو گیا۔
دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور مذکورہ گھر میں رہائش پذیر باپ بیٹے ہلاک ہوگئے جب کہ بیٹی اور بیٹے کے ساتھ ایک پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہیں جن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ واقعے کی تفتیش کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر محسوس ہوتا ہے کہ دھماکا مشکوک پیکٹ میں رکھے گئے مواد کی وجہ سے ہوا تاہم اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے کہ بارودی مواد کا اصل ہدف کون تھا۔ کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔