نیٹو کے 70 سال


یہ بات شاید ہی کسی کے لیے تعجب خیز ہو کہ گزشتہ دنوں نیٹو کے 70برس مکمل ہونے پر لندن میں منعقد ہونے والی تقریب رُکن ممالک کے درمیان یک جہتی سے زیادہ اختلافات منظرِ عام پر لانے کا موقع ثابت ہوئی۔

یہی وجہ ہے کہ برطانوی وزیرِ اعظم، بورس جانسن کو نیٹو کے اس بنیادی اصول کا خاص طور پر ذکر کرنا پڑا کہ ’’One for all and all for one‘‘۔ تاہم، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ 29مغربی ممالک کا یہ اتحاد بکھرنے کے خطرے سے دوچار ہے، کیوں کہ تمام رُکن ممالک اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ نیٹو ہی ان کا وہ طاقت وَر بازو ہے، جس کی مدد سے وہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے دُنیا پر اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

پھر یہ بھی حقیقت ہے کہ اختلافات کی نوعیت سیاسی و اقتصادی ہے۔ سیاسی اختلافات کا تعلق، تُرکی کی شمالی شام میں کُردوں کے خلاف فوجی کارروائی سے ہے، جب کہ اقتصادی اختلافات میں امریکی صدر، ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ مطالبہ سرِ فہرست ہے کہ نیٹو کے یورپی ارکان اپنے حصّے کی رقم ادا کریں۔

اس حوالے سے فرانسیسی صدر، ایمانوئیل میکرون کا کہنا ہے کہ یہ مطالبہ امریکا کا یورپی سلامتی سے عدم دل چسپی کا اظہار ہے۔ تاہم، برطانوی دارالحکومت میں منعقد ہونے والی نیٹو سربراہ کانفرنس کا مذکورہ بالا دونوں معاملات سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں تھا، بلکہ اس کے ایجنڈے میں چین ، رُوس کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت اور سائبر حملوں جیسے چیلنجز سے نمٹنا شامل تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں