نیو کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ہائی روف اور رکشے میں آگ لگنے کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔
گزشتہ روز پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ایک چلتی وین میں آگ بھڑک اٹھی تھی جو بعدازاں رکشے سے ٹکرا گئی تھی۔
حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
حکمہ صحت سندھ کے مطابق حادثے کے مزید دو زخمی دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
جاں بحق افراد میں 63 سال کے مجیب الرحمان، 50 سالہ نیلوفر، 35 سالہ مہرالنساء، 12 سال کی لائبہ، 20 سال کا سفیان، 9 سالہ طفیل اور 7 سال کا معاویہ اور ارسلان شامل ہیں۔
زخمی ہونے والوں میں 45 سالہ ناصر، 28سالہ جمال اور 12 سالہ حفصہ شامل ہیں۔
سول اسپتال کے ڈاکٹر احمر کا کہنا ہے کہ کراچی برنس سینٹر میں موجود دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، دونوں افراد کے چہرے بری طرح جھلسے ہوئے ہیں، ایک شخص کا جسم 30 فیصد اور دوسرے کا 85 فیصد تک جلا ہوا ہے۔